ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کارگیدے میں شمشان اور کھیل کے میدان کا تنازع؛ محکمہ جنگلات نے پولیس کے تحفظ  میں لگائی باڑھ

بھٹکل کارگیدے میں شمشان اور کھیل کے میدان کا تنازع؛ محکمہ جنگلات نے پولیس کے تحفظ  میں لگائی باڑھ

Sun, 11 Oct 2020 19:27:05    S.O. News Service

بھٹکل 11؍اکتوبر (ایس او نیوز) جالی پٹن پنچایت کے کارگیدے علاقے میں سروے نمبر 32a1 b پر واقع 1.25 ایکڑ ایکسٹنشن ایریا پر پچھلے کچھ  برسوں سے چلے آرہے تنازع کو حل کرنے کےلئے محکمہ جنگلات نے پولیس کے تحفظ میں اس زمین کے اطراف لوہے کے تاروں کی باڑھ لگانے کا کام انجام دیا۔

 اس زمین پر تنازع کا سبب یہ تھا کہ یہاں پر خالی پڑے ہوئے حصے کو نوجوان اور بچے کھیل کود کے لئے  استعمال کررہے تھے۔ جبکہ اسی مقام پر غیر مسلم اپنے مرنے والوں کی لاشیں جلانے کی کارروائی بھی انجام دے رہے تھے چونکہ اس متنازع پلاٹ کے اطراف  بہت سے  مسلمانوں کےگھر آباد ہوگئے تھے  اس لئےگھر کے آنگن سے لاشیں لے جانے اور گھروں کے سامنے ہی چتا جلانے پر دونوں طبقات کے درمیان  بار بار تکرار اور تناؤ کے واقعات ہورہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ ابھی کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بھی لاش جلانے کے مسئلے پر تکرار بڑھ گئی تھی اور یہ مسئلہ فرقہ وارانہ رنگ اختیار کرنے لگا تھا۔

رینج فاریسٹ آفیسر سویتا دیواڈیگا نے بتایا کہ مسئلے کو فرقہ وارانہ کشید گی کا سبب بننے سے روکنے کے لئے اس پلاٹ کے اطراف تاروں کی باڑھ لگائی  گئی ہےاور پلاٹ کے ایک کونے میں غیر مسلموں کو لاشیں جلانے کی اجازت اس شرط کے ساتھ دی  گئی ہے کہ لاشیں لانے اور جلانے کے موقع پر یہاں بسنے والوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف  نہیں ہونی چاہیے۔آئندہ اس  پلاٹ پراس سے ہٹ کر دوسری کسی سرگرمی کے لئے اجازت نہیں رہے گی۔


Share: